معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا پر اثر رکھنے والی شخصیت سحر حیات نے بالآخر اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
حالیہ انسٹاگرام سیشن کے دوران، جہاں انہوں نے مداحوں کے سوالات کے جوابات دیے، ایک مداح کی جانب سے طلاق سے متعلق سوال پر انہوں نے اس بات کی تصدیق کر دی کہ ان کا اور سمیع رشید کا رشتہ اب باقی نہیں رہا۔
سحر حیات نے واضح کیا کہ اگرچہ ان کی اور سمیع رشید کی راہیں جدا ہو چکی ہیں، لیکن ان کی بیٹی ایرہ کے والد ہمیشہ سمیع ہی رہیں گے، اور اس بات پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو والدین دونوں کے احترام کا درس دیں گی۔
سحر کا کہنا تھا کہ ایرہ کو اپنے والد سے ملنے سے کبھی نہیں روکا گیا اور نہ ہی وہ ایسا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق اس طرح کے فیصلے ذاتی جذبات یا ترجیحات کی بنیاد پر نہیں بلکہ ملکی قانون کے مطابق ہونے چاہییں۔
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا، ڈرامہ “دیارِ یار” سے آغاز
سحر حیات نے مداحوں سے درخواست کی کہ اس معاملے کو مزید نہ اچھالا جائے اور ان کی نجی زندگی کی حدود کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ آئندہ ان کی ذاتی زندگی پر عوامی سطح پر گفتگو نہ کی جائے۔
یاد رہے کہ سحر حیات اور سمیع رشید نے دسمبر 2022 میں رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اعلان کیا تھا۔ اس جوڑے کی ایک بیٹی ہے جو اس وقت سحر کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔ کچھ عرصہ قبل دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی تھیں، جن کی ابتدا میں سمیع رشید نے تردید کی تھی۔ تاہم اب سحر حیات نے باضابطہ طور پر طلاق کی تصدیق کر دی ہے۔