ممبئی: بھارتی ہدایتکار پراہلاد کاکڑ نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان، ایشوریا رائے سے علیحدگی کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور جنون کی کیفیت میں مبتلا تھے اور اکثر غصے میں آکر اپنا سر دیوار سے ٹکرا لیتے تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پراہلاد کاکڑ نے بتایا کہ وہ اس دوران سلمان خان کے ہمسایہ تھے اور خود کئی مرتبہ ان کی یہ حالت دیکھ چکے ہیں۔ ان کے مطابق سلمان اور ایشوریا کے تعلقات باضابطہ اعلان سے پہلے ہی ختم ہو چکے تھے، اور علیحدگی ایشوریا اور ان کے خاندان کے لیے بہتر فیصلہ ثابت ہوئی کیونکہ تعلق میں کشیدگی اور تنازعات بہت بڑھ گئے تھے۔
ہدایتکار کے مطابق بریک اپ کے بعد ایشوریا رائے نے سکون محسوس کیا، لیکن انہیں اس بات کا دکھ رہا کہ فلم انڈسٹری کے زیادہ تر لوگ سلمان خان کے ساتھ کھڑے ہوگئے، جس کی وجہ سے وہ خود کو تنہا محسوس کرنے لگیں۔ اسی تجربے کے بعد ایشوریا نے فیصلہ کیا کہ وہ فلم انڈسٹری میں کسی پر مکمل بھروسہ نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کا مشہور رومانوی تعلق 2001 میں ختم ہوا، جب کہ 2002 میں ایشوریا نے باضابطہ علیحدگی کا اعلان کیا۔ بعد ازاں 2007 میں انہوں نے اداکار ابھیشیک بچن سے شادی کی۔