پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے مداحوں کو عید کی تصاویر نہ دکھانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس بار عید کو مکمل سکون اور تنہائی کے ساتھ گزارا تاکہ خود کو آرام دے سکیں۔
پاکستان کی صف اول کی اداکارہ صبا قمر نے اس عید پر اپنے مداحوں کو حیران کر دیا جب انہوں نے انسٹاگرام پر بتایا کہ انہوں نے عید کی کوئی تصویر نہیں لی اور نہ ہی نئے کپڑے پہنے۔ صبا قمر نے انسٹا اسٹوری پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں علم ہے ان کے مداح ہر سال کی طرح اس بار بھی ان کی عید کی تصاویر کے منتظر تھے، مگر اس بار انہوں نے مختلف فیصلہ کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ پچھلے کئی مہینوں سے مسلسل کام اور سفر میں مصروف تھیں، اس لیے اس بار ان کا دل چاہا کہ وہ مکمل خاموشی، سکون اور خود سے وابستہ رہیں۔
انہوں نے تین دن عید کے دوران صرف آرام کیا، اپنے بالوں میں تیل لگایا، پسندیدہ کھانے کھائے اور دل ہی دل میں دعائیں مانگیں، صبا قمر نے کہا کہ انہوں نے گلیمر اور سوشل میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ خود کے لیے کیا تاکہ جسم اور ذہن دونوں کو سکون مل سکے۔
اداکارہ نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہر وقت ان کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ کبھی کبھی دل کی سننی چاہیے، کیونکہ دل کبھی غلط نہیں ہوتا۔ صبا قمر کا کہنا تھا کہ اب وہ دوبارہ ایکشن میں آ چکی ہیں اور جلد ہی نئے پروجیکٹس سے متعلق خوشخبری بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
یاد رہے کہ صبا قمر نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی اداکاری کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔ وہ یونیسف کی نمائندہ بھی ہیں اور سماجی موضوعات پر آواز بلند کرتی رہی ہیں۔