ممبئی: غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی المیے پر بالی ووڈ کے نامور اداکار پرکاش راج نے بھارتی اور اسرائیلی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرکاش راج نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ غزہ میں معصوم شہریوں، خاص طور پر عورتوں اور بچوں کا قتلِ عام دنیا کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے، لیکن طاقت ور حکومتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ بھارت جیسا ملک، جو کبھی انسانی حقوق اور آزادی کی بات کرتا تھا، اب اسرائیل کے مظالم پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔ پرکاش راج نے کہا کہ "کیا معصوم بچوں کی لاشیں دیکھنے کے باوجود بھی ہمیں سیاست یاد رہنی چاہیے؟ کیا انسانیت کی کوئی قیمت نہیں بچی؟”
اداکار نے مزید کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی حکومتیں طاقت کے نشے میں ظلم کر رہی ہیں لیکن تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔
امریکی ویٹو پر پاکستان کا ردعمل: غزہ قرارداد کی ناکامی ’سیاہ لمحہ‘ قرار
پرکاش راج کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے ان کی حمایت کی اور بھارتی حکومت پر سوال اٹھائے۔ کئی صارفین نے کہا کہ بالی ووڈ کے بڑے فنکاروں کو بھی غزہ پر آواز بلند کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ پرکاش راج بھارت میں اپنی بے باک رائے اور سیاسی بیانات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور ماضی میں بھی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں۔