بولی وڈ کے سینئر اداکار اور بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما متھن چکرورتی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان پر شدید اور نازیبا ردعمل دیا ہے، جس پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں تنقید کی لہر دوڑ گئی ہے۔
واقعہ کا پس منظر یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھٹ شاہ میں شاہ لطیف ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے عوام میں یہ طاقت ہے کہ وہ نہ صرف بھارت کا دفاعی طور پر مقابلہ کر سکتے ہیں بلکہ "اپنے چھ دریا بھی واپس لے سکتے ہیں۔” انہوں نے نریندر مودی کے سندھ طاس معاہدے میں تبدیلیوں کے اشاروں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارت کے دریائی منصوبوں کو پاکستان کی آبی خودمختاری کے خلاف اقدام قرار دیا۔
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے متھن چکرورتی نے کلکتہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا: "اگر ایسی باتیں کرتے رہے اور ہماری کھوپڑی سنک گئی، تو ایک کے بعد ایک براہموس میزائل چلے گا۔”
انہوں نے طنزیہ لہجہ اپناتے ہوئے مزید کہا: "ہم نے یہ بھی سوچا ہے کہ ایک ڈیم بنائیں جہاں 140 کروڑ لوگ پیشاب کریں، پھر اس ڈیم کو کھول دیں اور سونامی آجائے۔”
تاہم متھن نے وضاحت دی کہ ان کا یہ سخت لہجہ صرف بلاول بھٹو کے لیے تھا، اور ان کے بقول: "مجھے پاکستان کے عوام سے کوئی مسئلہ نہیں، یہ سب کچھ میں نے صرف اس (بلاول) کے لیے کہا ہے۔”
متھن چکرورتی کے الفاظ کو نامناسب، اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین اور متعدد بھارتی دانشوروں نے بھی اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو بڑھا سکتے ہیں۔