خلیل الرحمٰن قمر کے ماہرہ خان سے گلے شکوے ختم، انہیں ’پسندیدہ اداکارہ‘ قرار دیدیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا ہے کہ ماہرہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور اب ان سے تمام گلے شکوے ختم ہو چکے ہیں۔

latest urdu news

لاہور – معروف ڈرامہ نگار اور مصنف خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا ہے کہ ماہرہ خان ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور ان سے ماضی میں ہونے والے تمام گلے شکوے اب ختم ہو چکے ہیں۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ اخلاقیات، سماجی رویوں اور شوبز سے جڑی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ وہ جھوٹ بولنے والے اور طبقاتی تفریق کرنے والے لوگوں کو ناپسند کرتے ہیں۔ چاہے کسی کے بینک میں کروڑوں ہوں، اگر وہ کم ظرف ہے تو وہ ان کی نظر میں غریب ہی ہے۔

کالم نگار نے بتایا کہ وہ پیدائشی لکھاری ہیں اور محض تیرہ برس کی عمر سے قلم کے ذریعے کما رہے ہیں۔ یہی شوق بعض اوقات ان کے والد سے ناراضی کا سبب بنتا کیونکہ والد چاہتے تھے کہ وہ پڑھ لکھ کر کوئی بڑا افسر بنیں۔

خلیل الرحمٰن قمر نے ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کے متنازع ڈائیلاگدو ٹکے کی عورت‘ پر ہونے والی تنقید کا بھی جواب دیا۔ کالم نگار کے مطابق یہ ڈائیلاگ تمام عورتوں کے لیے نہیں بلکہ کہانی کے ایک مخصوص کردار کے لیے تھا۔ اصل جملہ یوں تھا کہ: آپ اس دو ٹکے کی لڑکی کے لیے مجھے 5 کروڑ روپے دے رہے تھے۔

ماہرہ خان سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ماہرہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر انہیں خلیل الرحمٰن سے کوئی شکایت تھی تو انہیں براہ راست فون کر کے بات کرنی چاہیے تھی۔ اس بیان پر خلیل الرحمٰن کو دکھ ہوا کیونکہ وہ ماہرہ کا بہت احترام کرتے ہیں اور ماضی میں دونوں کا آپس میں بڑا خوشگوار تعلق رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماہرہ خان کو اپنی ایک پرانی ٹوئٹ پر افسوس ہوا۔ جب یہ سنا تو انہوں نے خود آگے بڑھ کر ماہرہ کو پیغام بھیجا کہ ان سے تمام گلے شکوے ختم ہو چکے ہیں۔ اگر ماہرہ انہیں فون کر کے ڈانٹ بھی دیتیں تو وہ محبت سے جواب دیتے اور وضاحت کرتے کہ ان کے الفاظ کے پیچھے اصل ارادہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ 2020 میں خلیل الرحمٰن قمر کے ایک ٹی وی پروگرام میں ایک فیمنسٹ کارکن سے تلخ کلامی کے بعد ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف تنقیدی ٹوئٹ کی تھی، جس پر دونوں کے تعلقات میں سرد مہری آ گئی تھی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter