حمیرا اصغر کےوالد نے میت لینے سے انکار کردیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی،شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق لاش اس وقت ملی جب عدالتی حکم پر فلیٹ خالی کرانے کے لیے بیلف اور پولیس ٹیم پہنچی اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی۔

اداکارہ حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے بتایا گیا ہے، جنہوں نے یہ فلیٹ 2018 میں کرائے پر لیا تھا، تاہم 2024 سے کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک مکان نے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر رکھی تھی۔ پولیس نے لاش کو سرد خانے منتقل کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔

latest urdu news

اداکارہ کے دو موبائل فونز پولیس کو ملے ہیں، جن کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے، جبکہ موت کی اصل وجہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ فلیٹ کو عدالتی بیلف کی موجودگی میں سیل کر دیا گیا ہے۔

مزید افسوسناک پہلو یہ ہے کہ حمیرا اصغر کے لواحقین نے لاش وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق، اداکارہ کے والد اور بھائی سے رابطہ کیا گیا مگر والد نے کراچی آنے سے صاف انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈیڑھ سے دو سال قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا۔

ایس ایس پی کے مطابق شوبز انڈسٹری سے بھی تاحال کسی نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا، جبکہ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے حمیرا کو عمارت میں آتے جاتے نہیں دیکھا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کی عدم دلچسپی کے باوجود وہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ معاملہ منطقی انجام تک پہنچ سکے۔

یاد رہے کہ حمیرا اصغر ماضی میں مختلف ڈراموں اور ماڈلنگ پروجیکٹس میں حصہ لے چکی تھیں، تاہم گزشتہ چند برسوں سے وہ منظرنامے سے غائب تھیں۔ ان کی زندگی کا یہ المناک انجام شوبز انڈسٹری کی چمک کے پیچھے چھپی تلخ حقیقتوں کو ایک بار پھر بے نقاب کر گیا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter