نامور پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے ایک حالیہ انٹرویو میں ماؤں کو بیٹوں کی بہتر تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک خوشگوار ازدواجی زندگی کا دارومدار صرف بیوی نہیں بلکہ شوہر کے کردار اور رویے پر بھی ہوتا ہے۔
نادیہ جمیل نے انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے کی شادی طے پا چکی ہے اور آئندہ سال ان کے گھر بہو آئے گی، انہوں نے کہاکہ یہ میری بنیادی ذمہ داری ہے کہ میں بہو پر نظر رکھنے کے بجائے اپنے بیٹے کے رویے پر نظر رکھوں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ مجھے دیکھنا ہوگا کہ میرا بیٹا اپنی بیوی کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی یا ناروا سلوک تو نہیں کر رہا اور نہ ہی اسے کوئی تکلیف دے رہا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب کوئی لڑکی بہو بن کر گھر میں آتی ہے تو وہ محض مہمان نہیں بلکہ اس گھر کی مستقل فرد بن جاتی ہے، اور ماؤں کا فرض ہے کہ اسے یہ احساس دلایا جائے کہ یہ گھر اب اس کا اپنا ہے۔
نادیہ جمیل نے عورت کی آزادی کو اس کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بیٹوں کو اس شعور کی تربیت دینی چاہیے، ان کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے تعلق کی بنیاد باہمی اعتماد اور کھلے دل سے بات کرنے پر ہونی چاہیے، تاکہ دونوں مل کر زندگی کے فیصلے خوش اسلوبی سے لے سکیں۔