لاس اینجلس، امریکی گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز ایک بار پھر قانونی پیچیدگیوں میں پھنس گئیں۔
فوٹوگرافر ایڈون بلانکو اور فوٹو ایجنسی بیک گرڈ نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ جینیفر نے بغیر اجازت لی گئی تصاویر کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔
یہ تصاویر گولڈن گلوبز ویک اینڈ کے دوران کھینچی گئی تھیں اور جینیفر لوپیز نے انہیں انسٹاگرام اور ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر GG Weekend Glamourکے عنوان کے تحت شیئر کیا تھا۔
مدعیوں کا کہنا ہے کہ تصاویر کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تاکہ جینیفر کی ذاتی تشہیر کے ساتھ ساتھ ان کے برانڈ پارٹنرز کی پروموشن بھی ہو سکے، ان تصاویر کو متعدد مداحوں اور فیشن سے متعلق صفحات نے بھی دوبارہ شیئر کیا تھا جس سے مدعیوں کو نقصان پہنچا۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ ہر تصویر کے لیے کاپی رائٹ کے تحت 150000 ڈالر تک ہرجانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
اس سے پہلے بھی جینیفر لوپیز کو اسی نوعیت کے مقدمات کا سامنا رہا ہے جہاں انہیں غیر قانونی تصاویر کے استعمال پر قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ مقدمہ ایک بار پھر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شوبز کی دنیا میں قانونی حقوق اور کاپی رائٹ کے تحفظات کس حد تک اہم ہیں، جینیفر لوپیز کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ان کے وکلا ممکنہ قانونی دفاع کی تیاری کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ مشہور شخصیات کے لیے ایک بار پھر خبردار کرنے والا ہے کہ وہ بغیر اجازت تصاویر یا مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔