بھارتی فلم انڈسٹری میں پاکستانی گانوں کو بغیر اجازت استعمال کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی جھانوی کپور اور سدھارتھ ملہوترا کی فلم "پرم سندری” کے گانے "Danger” کو پاکستان کے مقبول ڈرامہ سیریل "منت مراد” کے مشہور ٹائٹل سانگ "لال سوٹ” سے مشابہت رکھنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
سوشل میڈیا پر فلم کے گانے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صارفین نے بالی ووڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا ہے کہ اب بھارتی فلم ساز صرف پاکستانی فلم یا پاپ گانے ہی نہیں بلکہ ڈراموں کے او ایس ٹیز (OSTs) تک کو کاپی کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، "لال سوٹ کو لال ساڑھی بنا کر بیچ دیا گیا، پورا ہی گانا چوری ہے!”
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بالی ووڈ پر پاکستانی موسیقی چرانے کا الزام لگا ہو۔ اس سے قبل بھی سجاد علی، نصرت فتح علی خان، حدیقہ کیانی، عاطف اسلم اور دوسرے معروف پاکستانی فنکاروں کے گانے اور دھنیں بالی ووڈ فلموں میں بغیر اجازت استعمال کی جا چکی ہیں، جن سے کروڑوں روپے کمائے گئے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں کانٹینٹ کی کمی کے باعث پاکستانی موسیقی پر انحصار بڑھتا جا رہا ہے، اور تخلیقی بحران نے اسے "مجبوری” بنا دیا ہے۔ پاکستانی فنکار اور مداح دونوں مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایسے گانوں پر قانونی کارروائی کی جائے اور اصل تخلیق کاروں کو کریڈٹ اور معاوضہ دیا جائے۔