منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) گجرات کاشان حفیظ بٹ نے گزشتہ روز یونین کونسل نمبر 5، محلہ چاہ آرائیاں، انڈسٹریل ایریا، پرانی فروٹ منڈی، کالرہ کلاں اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد مون سون سے قبل جاری ڈیسلٹنگ آپریشن، سیوریج نظام کی صورتحال اور شہریوں کو درپیش نکاسیٔ آب کے مسائل کا موقع پر جائزہ لینا تھا۔
دورے کے پہلے مرحلے میں ایم ڈی واسا نے مون سون سے قبل نالوں اور سیوریج لائنز کی صفائی کے جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈیسلٹنگ آپریشن کی رفتار، معیار اور حفاظتی انتظامات کا بغور جائزہ لیا اور مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی گئی کہ صفائی کے کام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے اور تمام سرگرمیاں مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں۔
محلہ چاہ آرائیاں میں زیرِ غور سیوریج نالہ منصوبے کے حوالے سے ایم ڈی واسا نے انجینئرنگ ٹیموں کو ہدایت جاری کی کہ علاقے کا مکمل اور جامع سروے کیا جائے، تاکہ مستقبل میں سیوریج کے دیرپا حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبہ بندی زمینی حقائق اور عوامی ضروریات کو سامنے رکھ کر کی جائے۔
دورانِ دورہ ایم ڈی واسا نے مختلف علاقوں میں نصب ٹیوب ویل موٹرز کا بھی جائزہ لیا اور بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ بجلی سے جڑے تمام مسائل کو مون سون سے قبل فوری طور پر حل کیا جائے، تاکہ بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کاشان حفیظ بٹ نے موقع پر موجود علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے سیوریج، نکاسیٔ آب اور صفائی سے متعلق شکایات اور تجاویز سنیں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ واسا گجرات عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے اور فیلڈ میں افسران کی موجودگی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی واسا کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کرنا واسا گجرات کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران اگر نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات نہ ہوں تو شدید مسائل جنم لیتے ہیں، اسی لیے تمام فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیسلٹنگ اور سیوریج سے متعلق تمام منصوبے مقررہ مدت میں اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے، تاکہ بارشوں کے دوران گجرات کے شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
