ہفتہ, 26 اپریل , 2025

ڈپٹی کمشنر گجرات کا بی ایچ یو چنن کا دورہ؛ انسداد پولیو مہم اور طبی سہولیات کا جائزہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بنیادی مرکز صحت (BHU) چنن کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری انسداد پولیو مہم، حفاظتی ٹیکہ جات کی پیش رفت اور مرکز میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی، ویکسینیشن کے عمل، حاضری اور ریکارڈ کو باریک بینی سے چیک کیا۔

latest urdu news

انہوں نے بچوں کو بارہ مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے جاری حفاظتی ٹیکہ جات مہم کا بھی تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ والدین کا تعاون اس مہم کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ری ویمپنگ منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ بھی کیا اور تعمیراتی مواد کے معیار کو جانچا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت، رفتار اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر اور پائیدار طبی سہولیات میسر آسکیں۔

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مریضوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر نے ڈپٹی کمشنر کو پولیو اور حفاظتی ٹیکہ جات مہم، طبی سہولیات اور ہسپتال میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیو اور دیگر بیماریوں کا خاتمہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، اور تمام ادارے باہمی ہم آہنگی سے اس مقصد کے حصول کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter