گجرات، دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 2 لاکھ 40 ہزار 135 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ پانی کا اخراج 2 لاکھ 23 ہزار 185 کیوسک ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے، جس سے علاقے میں شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 27 سے 31 اگست کے دوران مزید موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے، جس کے باعث پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے دریائے راوی کے بالائی علاقوں میں بھی آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بھارتی ڈیم تھین اپنی گنجائش کے 97 فیصد تک بھر چکا ہے اور اسپل ویز کسی بھی وقت کھولے جا سکتے ہیں، جس سے دریائے راوی میں بھی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان بڑھ گیا ہے۔
مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب، ملحقہ علاقوں کے لیے الرٹ جاری
دریں اثنا، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے قصور میں دریائے ستلج اور دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے اور ریسکیو آپریشنز کو تیز کیا جائے۔ اسپیکر نے متاثرین سے ملاقات بھی کی اور ان کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں خطرے کے پیش نظر مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، جبکہ شہریوں کو محتاط رہنے اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔