اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (OEC) اور پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (PVTC) کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی روزگار کی منڈیوں کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔
اس خصوصی تقریب میں جنوبی کوریا کے سفیر پارک کی جون نے بھی شرکت کی، جبکہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین مہمانِ خصوصی تھے۔
چوہدری سالک حسین نے اس شراکت داری کو ایک بامعنی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نوجوانوں کو نہ صرف تکنیکی مہارت دے گا بلکہ انہیں جاپان اور جنوبی کوریا جیسے ممالک کے لیے درکار زبان اور ثقافتی تربیت بھی فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہایہ پروگرام ہنر، زبان، اور ثقافتی شعور کا امتزاج ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا نوجوان جب بیرون ملک جائے تو وہ صرف کارکن نہ ہو بلکہ پاکستان کا باوقار نمائندہ بھی ہو۔
معاہدے کے تحت PVTC نوجوانوں کو زبان اور ثقافتی تربیت فراہم کرے گا، جب کہ OEC انہیں شفاف سرکاری چینلز کے ذریعے بین الاقوامی لیبر پروگرامز سے منسلک کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ماڈل نوجوانوں کو محفوظ، باعزت اور پائیدار روزگار کی راہ فراہم کرے گا۔چوہدری سالک حسین نے اعادہ کیا کہ حکومت تربیت سے لے کر تعیناتی تک نوجوانوں کی مکمل رہنمائی کرے گی تاکہ وہ کامیابی کے ساتھ بیرون ملک جا کر فخر سے پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔
دوسری جانب کویت نے پاکستانی شہریوں پر عائد 19 سالہ ویزہ پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد پاکستانیوں کے لیے ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزوں کا دوبارہ اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔