گجرات: شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، سرگودھا روڈ پر واقع معروف موبائل مارکیٹ "البرکت موبائل شاپ” پر دن دیہاڑے اسلحے کے زور پر ہونے والی ڈکیتی نے عوام اور تاجروں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو سر عام دکان میں داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر دکانداروں اور عملے کو یرغمال بنا کر 25 لاکھ روپے مالیت کے جدید موبائل فونز اور 4 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈکیت موبائل فونز کو بورے میں ڈال کر لے گئے اور فرار ہونے سے پہلے ہوائی فائرنگ بھی کی، جس سے علاقہ گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گجرات کے علاقے رامتلائی چوک میں موبائل مارکیٹ میں رات کی تاریکی میں کروڑوں روپے کے موبائل فون چوری کیے گئے تھے۔ وہاں چور تالے توڑ کر دکانوں میں گھسے اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اس واردات کے ملزمان بھی تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔
متاثرہ دکانداروں اور موبائل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پولیس کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے صرف وقت مانگا ہے لیکن عملی طور پر کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر 24 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو تاجر برادری احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کرے گی۔
شہریوں اور دکانداروں کا مطالبہ ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں اور ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے تاکہ عوام کا قانون پر اعتماد بحال ہو۔