صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے دورہ گجرات کے تیسرے روز مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا صوبائی وزیر نے سبزی منڈی اور شیخ سکھا کے علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کا افتتاح کیا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سابق حکمران ٹھیکیداروں سے ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن لیتے رہے، جس سے انفراسٹرکچر تباہ ہوا ہم شفاف طریقے سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل یقینی بنارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گجرات کے تمام شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ گجرات میں 200 بستروں پر مشتمل نیا ہسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گجرات میں 200 بستروں پر مشتمل چوہدری شجاعت حسین ہسپتال بنانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گجرات کا ایئر پورٹ بھی مکمل بحال کیا جائے گا شہر کی ترقی کیلئے متعدد نئے منصوبے لارہے ہیں سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں گجرات کو ترقی کے لحاظ سے مثالی شہر بنائیں گے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے سماجی ورکر امتیاز کوثر کے عوامی خدمت کے جزبے کو سراہا واضح رہے کہ رشیدہ شفیع فاؤنڈیشن شہر میں 200 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگا چکی ہے۔
افتتاحی تقاریب میں سٹی صدر مسلم لیگ ق علی ابرار جوڑا، معروف سماجی شخصیات امتیاز کوثر، سیٹھ قمر خورشید اور افراد موجود تھے۔