سیالکوٹ میں حاجی پورہ روڈ پر واقع ایک پیٹرول پمپ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملازم جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند افراد نے پیٹرول پمپ عملے سے اضافی پیٹرول کین میں دینے کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان پہلے اپنی گاڑی میں پیٹرول ڈلواتے ہیں اور اس کے بعد مزید دس لیٹر پیٹرول کین میں بھرنے کا کہا۔ تاہم پمپ انتظامیہ نے حفاظتی ضوابط کے باعث کین میں پیٹرول دینے سے انکار کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ انکار پر مشتعل افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں پیٹرول پمپ کا ایک ملازم موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
پیٹرول ڈیلرز نے پیر سے ملک بھر میں پمپس بند ہونے کی وارننگ دے دی
پولیس کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت کی خبروں کے باعث مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر شہریوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
