لالہ موسیٰ — زمین کے دیرینہ تنازع پر لالہ موسیٰ کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ریٹائرڈ پولیس انسپکٹر تجمل حسین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ ان کے بھائی محمد امجد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واردات میں مقتول کے چچا زاد بھائی انصر ملوث ہے، جس نے جھگڑے کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی۔ زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مقتول تجمل حسین گزشتہ سال محکمہ پولیس سے ریٹائر ہوئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی لالہ موسیٰ اور ایس ایچ او تھانہ صدر کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تھانہ صدر لالہ موسیٰ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ڈی پی او نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملزم کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
علاقے میں قتل کے اس اندوہناک واقعے پر خوف اور غم کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ مقامی لوگوں نے انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
لالہ موسیٰ میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں ایک 48 سالہ شخص کو دن دہاڑے قتل کر دیا گیا جو شہریوں میں خوف و ہراس کا باعث بن رہا ہے۔