گوجرانوالہ،فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ کی جانب سے 4 انسانی سمگلرز سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کر کے سمندر کے راستے شہریوں کو موریطانیہ سے یورپ بھجوانے میں ملوث 4 انسانی سمگلرز سمیت 5 ملزمان کو منڈی بہاؤالدین کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔
زیر حراست ملزمان کی شناخت منور حسین، قمر عباس، حافظ شاہد، محمد طاہر اور ساجد حسین کے نام سے ہوئی۔
حکام کے مطابق ملزم منور حسین، قمر عباس، حافظ شاہد اور محمد طاہر شہریوں کو سمندر کے راستے سپین بھجوانے میں ملوث ہیں، ملزمان کی جانب سے متاثرین کو پہلے وزٹ ویزے پر موریطانیہ بھجوایا گیا، ملزمان نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے موریطانیہ سے سپین اسمگلنگ کی کوشش کی۔
شہریوں نے کشتی کے ذریعے سفر کرنے سے انکار کر دیا اور وطن واپس آ گئے، ملزمان کی جانب سے متاثرین سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے فی کس 25 لاکھ سے 40 لاکھ روپے ہتھیائے گئے، متاثرین کا تعلق منڈی بہاؤالدین کے علاقے ککھ تراڑ اور منگٹ سے ہے۔
دوسری جانب ملزم ساجد حسین (صائم ٹریول اینڈ ٹورز) کے نام سے غیر قانونی ٹریول ایجنسی چلا رہا تھا، چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 10 پاسپورٹس اور موبائل فون برآمد کر لئے گئے، ملزم برآمد ہونے والے پاسپورٹس کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔
ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔