ریلوے اسٹیشنز پر مکہ مدینہ جیسی صفائی مشینیں نصب کر دی ہیں: حنیف عباسی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف ریلوے اسٹیشنز پر صفائی کے لیے ایسی جدید مشینیں نصب کر دی گئی ہیں جیسی مکہ اور مدینہ میں استعمال ہوتی ہیں۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ اب مسافروں کو ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں بہتر صفائی ستھرائی کا ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ "بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا اور کروانے والا دونوں جیل جائیں گے”، یہ ہدایت ہر ریلوے ڈویژن میں پہنچا دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مفت سفر یا سفارش کے کلچر کو جڑ سے ختم کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک جاننے والے نے فون کر کے ٹکٹ کی سفارش کی، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ "20 ہزار روپے دیں اور خود خریدیں، اب یہ طریقہ نہیں چلے گا کہ کسی وزیر یا چیئرمین کے فون پر مفت میں ٹکٹ دے دیے جائیں۔”

راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی حالت زار، حنیف عباسی برہم

مزید برآں، حنیف عباسی نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت کے ساتھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا معاہدہ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹرینوں کی صفائی بہتر کی جا سکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ "ہماری کچھ ٹرینوں میں کھٹمل اور مچھر بھی ہیں، جو قابلِ شرم بات ہے، لیکن اب بہتری کی طرف گامزن ہیں۔”

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں واشنگ لائن کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، جہاں پہلے 3 گھنٹے میں گاڑی دھلتی تھی، اب ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل صفائی اور فیومیگیشن ہو جاتی ہے۔ یہی ماڈل لاہور میں رائج ہے اور جلد ہی کراچی میں بھی نافذ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ خانیوال، لاہور، ملتان، اوکاڑہ اور راولپنڈی کے ریلوے اسٹیشنز پر اب مسافروں کو ایسی صفائی ستھرائی دیکھنے کو ملے گی جیسی مکہ اور مدینہ میں مشینوں سے کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "واش رومز صاف ہوں گے، مٹی نظر نہیں آئے گی اور اسٹیشنز چمکتے دکھائی دیں گے۔”

آخر میں، انہوں نے ریلوے کی بہتری کے لیے جاری منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال سے لاہور کا روٹ سب سے منافع بخش ہے اور اس پر جلد نئی کوچز لائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter