ترکیہ کے تاریخی شہر گورڈین سے 2800 سال پرانا شاہی مقبرہ دریافت ہوا، نوادرات کی بنیاد پر ماہرین کا خیال ہے کہ یہ مقبرہ فریجین بادشاہ مڈاس کے شاہی خاندان کے فرد کا ہو سکتا ہے۔
انقرہ، ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے جنوب مغرب میں واقع قدیم تاریخی شہر گورڈین سے 2800 سال پرانا ایک شاہی مقبرہ دریافت ہوا ہے، جسے ماہرین آثارِ قدیمہ ایک اہم اور حیران کن دریافت قرار دے رہے ہیں۔ ترک وزارتِ سیاحت و ثقافت نے اس دریافت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مقبرے کے چیمبر میں ملنے والے نوادرات، فنِ تعمیر اور دیگر علامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہاں دفن ہونے والا شخص ممکنہ طور پر فریجین بادشاہ مڈاس کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتا تھا۔
یہ دریافت آثارِ قدیمہ کی دنیا میں اس لیے بھی اہم ہے کہ گورڈین شہر تاریخی طور پر فریجین سلطنت کا دارالحکومت تھا، جو 1200 قبل مسیح سے 675 قبل مسیح تک ایک مضبوط اور مستحکم حکمرانی کا مرکز رہا۔ تاریخ کے مطابق آٹھویں صدی قبل مسیح میں اس سلطنت پر پہلے بادشاہ گورڈیاس کی حکومت تھی، جس کے بعد اس کے بیٹے مڈاس نے اقتدار سنبھالا۔ مڈاس کا نام یونانی افسانوی روایات میں بھی مشہور ہے، جن کے مطابق اس کے ہاتھ لگانے سے سونا بن جاتا تھا۔
وزارت کے مطابق مقبرے کی کھدائی اور تجزیاتی عمل ابھی جاری ہے، اور اس کے مزید تاریخی راز آئندہ ہفتوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت نہ صرف فریجین تہذیب کے مطالعے میں مددگار ہوگی بلکہ انسانی تاریخ کے اہم پہلوؤں کو بھی اجاگر کرے گی۔
یاد رہے کہ فریجین سلطنت کا خاتمہ سکندر اعظم کے حملے کے بعد ہوا تھا، اور شہر گورڈین کو "گورڈین ناٹ” کی تاریخی علامت کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے، جہاں سکندر اعظم نے اپنی تلوار سے مشہور گانٹھ کو کاٹا تھا۔