اسلام آباد، مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام رکن اسمبلی کمپرومائزڈ ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہارخیال کے دوران رہنما مسلم لیگ (ن) حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ یہ ہر الزام ویگو ڈالے پر لگا دیتے ہیں، یہ محض الف لیلیٰ کی کہانیاں سناتے ہیں، عمر ایوب کے دادا کی جانب سے ویگو ڈالے کو متعارف کروایا گیا تھا۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے 70 کے 70 لوگ کمپرومائزڈ ہیں، ایسے لوگ جب درس دیتے ہیں تو ہمارا خون کھولتا ہے، جو جتنا زیادہ بولتا ہے، اسکا اتنا ہی سفید کپڑے والوں سے تعلق ہے۔
دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے منحرف سینیٹر قاسم رونجھو کی جانب سے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دے دیا گیا۔
سینیٹر قاسم رونجھو کی جانب سے سیکرٹری سینیٹ کو استعفیٰ جمع کرا دیا گیا۔
قاسم رونجھو سینیٹ میں بی این پی مینگل کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں، سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل کی جانب سے دونوں سینیٹرز سے استعفیٰ طلب کیا گیا تھا۔
سینیٹر بی این پی مینگل نسیمہ احسان اور قاسم رونجھو نے آئینی ترمیم کے حق میں فلور کراس کیا تھا۔