رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ 2 سال میں پی ٹی آئی نے جتنے بھی احتجاج کیے وہ سارے حکومت اور اسٹیٹ پر دباؤ کے بجائے خود ان کے اندر ٹوٹ پھوٹ کا باعث بنے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر بار کوئی ایسا کارنامہ ہی کر کے گئی جو بعد میں ان کے خلاف ہی چارج شیٹ بن گیا، 24 نومبر کی احتجاجی کال کا حال بھی یہی ہوگا۔
طلال چوہدری کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے 70 فیصد ارکان اسمبلی اپنی پارٹی سے متنفر یا مجبور ہیں، وہ ارکان بھی سمجھتے ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی سیاسی حکمت عملی ہمیشہ ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کی بہن علیمہ خان نے یہ بتایا کہ عمران خان کا پیغام ہے کہ 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف نکلنا ہے، تحریک انصاف کی قیادت کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا اور کس طرح کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں، اس بار مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں آئیں گے۔