سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ تباہ کرایا گیا، ہمیں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے: بلاول بھٹو

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا نظام خودبخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا ہے، اس صورت حال کا حل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظام کو درست کرنے کے لیے پارلیمان سے آغاز کرنا ہوگا اور سیاسی قیدیوں کی رہائی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔

latest urdu news

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کا نظام اس وقت شدید مسائل کا شکار ہے، لیکن اس کی وجوہات پر بات نہیں کی جا رہی۔ نظام کو دوبارہ درست کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہر شہری کو اس کا حق مل سکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نظام کے کمزور ہونے میں ان کی اپنی بھی ذمہ داری ہے۔

سیاسی ری سیٹ کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کو غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے اور اس عمل کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔

ان کے مطابق اپوزیشن کو پارلیمان پر اعتماد نہیں رہا، جسے بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پارلیمان ملک کا سب سے طاقتور ادارہ ہے جہاں تمام سیاسی معاملات پر اختلاف رائے اور بحث کی گنجائش ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے اور ہر ادارے کو اپنا کھویا ہوا اعتماد دوبارہ حاصل کرنا ہوگا۔

سیاسی قیدیوں کی رہائی اور پی ٹی آئی سے مذاکرات پر زور

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، یہ کام آج نہیں تو کل کرنا ہی پڑے گا۔

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے تیار ہے تو گورنر راج ختم کیا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے سیاسی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں۔ حکومت کو چاہیے کہ مولانا فضل الرحمان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں مولانا فضل الرحمان نے جو کردار ادا کیا، اس کے بغیر موجودہ حکومت اقتدار میں نہ ہوتی۔ حکومت کو سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کرنی چاہئیں، کیونکہ حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے۔

27ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے نہ ہونے کا دعویٰ

بلاول بھٹو زرداری نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 26ویں ترمیم مکمل اتفاق رائے نہ ہونے کے باوجود باہمی رضامندی سے منظور کرائی گئی تھی، لیکن 27ویں آئینی ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی کے بجائے جبری اکثریت کے ذریعے منظور کرائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی مخصوص نشستیں چھین کر آئینی ترامیم منظور کرائی گئیں اور اب تیسری ترمیم کی بات کی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنتا دیکھ رہی ہوں، فریال تالپور

انہوں نے مزید کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد سینئر ججز کے استعفوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدلیہ میں بھی اعتماد کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔

میڈیا اور پارلیمان کی آزادی اہم ہے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے میڈیا کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں میڈیا کبھی اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر صحافی اس خوف میں مبتلا ہوں کہ سچ بولنے پر ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے تو وہ آزادانہ طور پر کیسے کام کریں گے۔ صحافیوں کو وہ اختیار اور آزادی حاصل ہونی چاہیے جو ان کا حق ہے۔

انہوں نے پارلیمان اور میڈیا کو ملک کے اہم ترین اداروں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے اور آزاد صحافت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

مہنگائی اور معاشی مشکلات پر بھی تشویش

بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی معاشی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، اس میں عام آدمی کے لیے گزر بسر کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہیں خاص طور پر غریب اور پسماندہ طبقے کے مستقبل کی فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاست دان عوامی مسائل کو بھول کر نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں، جبکہ مہنگائی، غربت اور دیگر بنیادی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق پاکستان میں کرپشن بھی ایک بنیادی مسئلہ ہے، لیکن اسے ختم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں نظر نہیں آتیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک میں سیاسی استحکام، اداروں پر اعتماد کی بحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ماخذ: جیو نیوز

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں