چین میں ٹیسلا سمیت 9 بڑی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں نے ہنگامی صورتحال میں دروازے کھولنے میں ممکنہ دشواری کے باعث مجموعی طور پر تقریباً 43 لاکھ گاڑیاں واپس منگوانے کا اعلان کردیا۔
چینی حکام کے مطابق یہ ملک کی تاریخ میں گاڑیوں کی سب سے بڑی ریکال ہے، جس میں متعدد مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کی گاڑیاں شامل ہیں۔ متاثرہ گاڑیوں میں ایسی ممکنہ خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو حادثے یا بجلی کے نظام میں خرابی کی صورت میں مسافروں کے باہر نکلنے میں مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریکال کا بنیادی مقصد ہنگامی مکینیکل ڈور اوپننگ سسٹم کو بہتر بنانا ہے، کیونکہ حادثے کے دوران دروازے کھولنے والے ہینڈلز کو تلاش کرنا یا استعمال کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ اس صورتحال میں گاڑی کے اندر موجود افراد کے پھنسنے اور امدادی کارکنوں کو دروازے کھولنے میں دشواری کا خدشہ ہے۔
خرابی دور کرنے کے لیے مختلف کمپنیوں کی جانب سے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس، وارننگ لیبلز اور دروازوں کے ہینڈلز کے اطراف زیادہ واضح نشانات لگانے جیسے اقدامات کیے جائیں گے۔
ریکال میں سب سے زیادہ گاڑیاں ٹیسلا کی شامل ہیں، جس کی تقریباً 29 لاکھ 80 ہزار چین میں تیار اور درآمد شدہ گاڑیاں واپس منگوائی جائیں گی۔ ان میں ماڈل 3، ماڈل وائی، ماڈل ایس اور ماڈل ایکس شامل ہیں، جبکہ کمپنی 25 ستمبر سے ریکال کا عمل شروع کرے گی۔
ٹیسلا کے مطابق شدید حادثے اور گاڑی کے برقی نظام میں خرابی کی صورت میں ہنگامی دروازہ کھولنے والے ہینڈلز کی شناخت مشکل ہوسکتی ہے۔ کمپنی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے حادثے کے بعد کھڑکیوں کو خودکار طور پر نیچے کرنے والے نظام کو بھی بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دیگر کمپنیوں میں شاؤمی کی تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار، لیپ موٹر کی 3 لاکھ 71 ہزار اور ایکس پینگ کی تقریباً 2 لاکھ 64 ہزار گاڑیاں بھی ریکال میں شامل ہیں۔
بی وائے ڈی نے ٹیسلا کو پیچھے چھوڑا، 2025 میں 22 لاکھ 50 ہزار گاڑیاں فروخت
واضح رہے کہ چین نے رواں سال الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت اور گاڑیوں کے حفاظتی نظام سے متعلق نگرانی مزید سخت کردی ہے۔ حکومت نے 2027 سے گاڑیوں میں مکمل طور پر چھپے ہوئے دروازے کے ہینڈلز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق جدید گاڑیوں میں اوور دی ایئر سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی سہولت کے باعث ایسی بڑی ریکالز پر آنے والی لاگت اور گاڑیوں کو طویل عرصے تک ورکشاپ میں رکھنے کی ضرورت ماضی کے مقابلے میں کم ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب امریکا میں بھی چھپے ہوئے دروازے کے ہینڈلز سے متعلق حفاظتی خدشات بڑھ رہے ہیں اور نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن بجلی کی خرابی کی صورت میں گاڑی میں افراد کے پھنسنے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے نئے حفاظتی معیارات پر غور کر رہی ہے۔
