کراچی میں سگ گزیدگی کے بعد ریبیز کا شکار ہونے والا ایک اور بچہ جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد سندھ میں رواں سال اس بیماری سے ہونے والی اموات کی تعداد 22 تک پہنچ گئی۔
جناح اسپتال کراچی میں زیر علاج 11 سالہ ابوبکر جمعہ کی صبح انتقال کر گیا۔ اسپتال حکام کے مطابق بچے کا تعلق میرپورخاص سے تھا اور طبیعت بگڑنے پر اسے چند روز قبل علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اہل خانہ کے مطابق ابوبکر کو تقریباً دو ماہ قبل ایک کتے نے کاٹ لیا تھا۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ سگ گزیدگی کے بعد اسے اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگائی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
طبی حکام کے مطابق بچے کو جناح اسپتال میں علاج فراہم کیا جا رہا تھا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اس واقعے کے بعد سندھ میں رواں سال ریبیز سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 22 ہو گئی ہے۔
