بحیرہ عرب: امریکی بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا، جبکہ عملے کا ایک اہلکار لاپتہ ہو گیا ہے۔ واقعے کے بعد فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔
امریکی بحری بیڑے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار چار اہلکاروں میں سے تین کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ایک اہلکار کی تلاش تاحال جاری ہے۔ امدادی کارروائیوں میں بحری اور فضائی وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر کو ہنگامی یا تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد عملے نے بحیرہ عرب میں ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کی۔ تاہم لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر شدید نقصان کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔
آبنائے ہرمز میں کشیدگی: پاسداران انقلاب کی امریکی جنگی جہازوں کو وارننگ، ویڈیو جاری
امریکی بحریہ نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی، جبکہ لاپتہ اہلکار کی تلاش بلا تعطل جاری ہے۔
حکام نے فی الحال حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں اور کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
