بہاولنگر: ضلع بہاول نگر کے علاقے چشتیاں میں پیش آنے والے ایک المناک واقعے میں کنویں میں گری بکری کو بچانے کی کوشش کے دوران تین نوجوان دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بکری کنویں میں گر گئی۔ اسے نکالنے کے لیے نوجوان یکے بعد دیگرے کنویں میں اترتے گئے، تاہم اندر موجود زہریلی گیس یا آکسیجن کی کمی کے باعث تینوں بے ہوش ہو گئے اور جانبر نہ ہو سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں، جبکہ تینوں نوجوانوں کی عمریں 19 سے 24 سال کے درمیان تھیں۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کارروائی کرتے ہوئے تینوں نوجوانوں کی لاشیں کنویں سے باہر نکال لیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی، جبکہ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔
