اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے ایران کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب اور نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم جولائی کے پہلے ہفتے میں تہران پہنچیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران میں مصروفیات مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم اپنے علاقائی دورے کے اگلے مرحلے میں ترکیہ بھی جائیں گے۔
دوسری جانب مجلسِ شوریٰ اسلامی ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو ایک خط کے ذریعے تعزیتی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ خط میں پاکستانی عوام، اسپیکر قومی اسمبلی اور ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کون ہیں؟ کس قدر با اثر ہیں؟
ایرانی اسپیکر نے اپنے پیغام میں پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی احترام، دوستی اور تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب 3 جولائی 2026 کو تہران میں منعقد ہونے کی توقع ہے، جس میں مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی شرکت بھی متوقع ہے۔
