روس نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس تنازع کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن خطے کے مختلف رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ صورتحال کو قابو میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر روس کی خدمات درکار ہوئیں تو وہ بھرپور طریقے سے ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔
روسی حکام کے مطابق مقصد یہ ہے کہ جاری کشیدگی کو جلد از جلد کم کر کے حالات کو جنگ سے نکال کر مذاکرات کی طرف لایا جائے۔ اس حوالے سے سفارتی کوششیں جاری ہیں اور مختلف ممالک سے مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب صدر پیوٹن آج مصر کے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، جس میں ایران-امریکا تنازع، مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔
