ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف میزائل حملوں کی ایک نئی لہر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے 78ویں مرحلے کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایرانی حکام نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام ایک سخت پیغام بھی جاری کیا ہے، جس میں آنے والے دنوں میں بڑے نتائج اور غیر متوقع پیش رفت کا عندیہ دیا گیا ہے۔
ایرانی فوج کے ایک اہلکار کے مطابق ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ اپنی توجہ فون اور سوشل میڈیا سے ہٹا کر زمینی حقائق پر غور کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے ایک ایسا “سرپرائز” سامنے آ سکتا ہے جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی اثرات مرتب کرے گا، اس لیے آسمان، اسٹاک مارکیٹ اور تیل کی قیمتوں پر نظر رکھنا ضروری ہے۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کے ختم الانبیاء بریگیڈ کے ترجمان نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے ٹرمپ کے مشہور جملے کو دہراتے ہوئے کہا “یو آر فائرڈ”، اور ساتھ ہی “تھینک یو فار اٹینشن ٹو دس میٹر” کہہ کر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایران کے اس بیان کو موجودہ کشیدہ صورتحال میں ایک سخت اور علامتی پیغام سمجھا جا رہا ہے۔
