کراچی فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کی ہلاکت، ملزم اسسٹنٹ کمشنر کا بھتیجا نکلا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے میں ملوث گاڑی چلانے والا شخص ایک اسسٹنٹ کمشنر کا بھتیجا ہے، جسے پولیس پروٹوکول میں تھانے منتقل کیا گیا۔

latest urdu news

واقعہ گزشتہ شب تقریباً دو بجے ڈیفینس کے علاقے خیابانِ اتحاد میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ریس لگاتی کار نے مخالف سمت میں کھڑے 32 سالہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈر فرحان کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد گاڑی میں سوار افراد موقع سے نکل گئے تھے تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ ڈرائیور بھی زخمی حالت میں اسپتال میں داخل ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق گاڑی اصغر علی بھنگوار کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور اس پر سندھ حکومت کے اسٹیکرز بھی چسپاں تھے۔ گاڑی اور متاثرہ رائیڈر کی موٹر سائیکل دونوں کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

کراچی: نارتھ ناظم آباد میں گیس لیکیج دھماکا، بچہ جاں بحق

حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش جاری ہے، تاہم متوفی کے اہلِ خانہ نے قانونی کارروائی سے گریز کیا ہے اور تحریری طور پر مقدمہ درج نہ کروانے کی درخواست دی ہے۔ پولیس کے مطابق اگر اہلِ خانہ کی جانب سے باقاعدہ شکایت درج نہیں کرائی جاتی تو قانونی عمل متاثر ہو سکتا ہے، تاہم معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں شہریوں نے تیز رفتاری اور بااثر افراد کے مبینہ اثر و رسوخ پر سوالات اٹھائے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter