وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیرِاعظم عمران خان کی آنکھ کا مزید معائنہ اور علاج ایک خصوصی طبی ادارے میں ماہرینِ امراضِ چشم سے کرایا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کے جاری علاج کے تسلسل میں انہیں ایک اسپیشلائزڈ میڈیکل انسٹیٹیوٹ منتقل کر کے تفصیلی معائنہ کرایا جائے گا۔ ان کے مطابق طبی معائنے کی مکمل رپورٹ سپریوم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
وزیرِ اطلاعات نے اس معاملے پر قیاس آرائیوں اور بے بنیاد خبروں سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے۔
سلمان صفدر نے بتایا کہ عمران خان کی آنکھ سے پانی نکل رہا تھا: علیمہ خان
یاد رہے کہ عمران خان اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اس سے قبل انہیں ان کے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔ حکومت کے اعلان کے بعد اس معاملے پر سیاسی اور قانونی حلقوں میں بحث جاری ہے۔
