ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر دینہ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے شہر کے اہم علاقوں دینہ چوک، منگلا روڈ اور مین بازار سے ملحقہ گلیوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس معائنے کا بنیادی مقصد تجاوزات کے خاتمے، الیکٹرک بسوں کی بلا تعطل آمد و رفت کو یقینی بنانے اور سڑکوں کی خستہ حالت کا جائزہ لینا تھا تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا بروقت حل نکالا جا سکے۔

latest urdu news

دورانِ معائنہ اسسٹنٹ کمشنر نے مین بازار اور اس سے جڑی تمام گلیوں میں قائم ہر قسم کی تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات دیے، جس پر متعلقہ عملے نے کارروائی کرتے ہوئے راستوں کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا۔ تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف پیدل چلنے والوں کو سہولت میسر آئی بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی واضح بہتری دیکھنے میں آئی۔

ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے میونسپل کمیٹی کو رکشہ اسٹینڈز کی مناسب مقامات پر منتقلی کی ہدایت جاری کی۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو بھی اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ رش کے اوقات میں ٹریفک کی مؤثر نگرانی کی جا سکے اور کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم کا اولڈ جی ٹی روڈ اور بازار کا دورہ، ماڈل بازار بنانے اور شجرکاری مہم تیز کرنے کا اعلان

معائنے کے دوران منگلا روڈ کی ابتر صورتحال کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔ سڑک پر موجود گڑھوں اور خراب حصوں کے باعث حادثات کے خدشات کے پیش نظر ایکسین ہائی ویز کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، تاکہ فوری طور پر مرمت کا کام شروع کیا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم ہو۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک نظم و ضبط اور سڑکوں کی بہتری کے لیے کیے گئے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت اور شہری نظم و نسق کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter