لاہور میں درختوں کی کٹائی اور تراش خراش پر فوری پابندی عائد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہر میں ماحولیاتی تحفظ اور درختوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لاہور ہارٹیکلچر اتھارٹی (اے پی ایچ اے) نے غیر مجاز طور پر درختوں کی کٹائی اور تراش خراش پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق پورے شہر میں ہوگا اور کسی بھی درخت کی معمولی تراش خراش بھی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر غیر قانونی تصور کی جائے گی۔

latest urdu news

اے پی ایچ اے کے مطابق درختوں کی غیر ضروری کٹائی اور بے جا تراش خراش سے نہ صرف شہر کا حسن متاثر ہو رہا ہے بلکہ ماحولیاتی توازن بھی بگڑ رہا ہے۔ اسی پیش نظر ہارٹیکلچر ایجنسی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کوئی بھی فرد، ادارہ یا نجی تنظیم پیشگی اجازت کے بغیر درختوں کو نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔

منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی منصور احمد نے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور فیلڈ اسٹاف کو تحریری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا چشم پوشی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

منصور احمد کا کہنا تھا کہ درخت شہر کے پھیپھڑے ہوتے ہیں اور ان کا تحفظ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی، درجہ حرارت میں اضافہ اور فضائی آلودگی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے درختوں کا تحفظ ناگزیر ہے۔ غیر قانونی کٹائی نہ صرف ماحول بلکہ آئندہ نسلوں کے مستقبل کے لیے بھی خطرہ ہے۔

اے پی ایچ اے نے شہریوں اور متعلقہ سرکاری و نجی اداروں کو اس پابندی سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام اقدامات شفاف، مؤثر اور قانون کے مطابق نافذ کیے جا سکیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ درختوں کی غیر قانونی کٹائی یا نقصان کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام لاہور کو سرسبز، صاف اور ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ شہر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، اور درختوں کے تحفظ کے لیے مستقبل میں مزید سخت اقدامات بھی کیے جا سکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter