وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے صوبے کے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں اضافے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام سکولز اور کالجز پہلے سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق کھلیں گے اور 12 جنوری سے معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
رانا سکندر حیات نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے اور محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے چھٹیوں میں کسی قسم کے اضافے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے مقررہ شیڈول کے مطابق کام کریں گے اور طلبہ، والدین اور اساتذہ کو کسی قسم کی الجھن یا پریشانی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
طلبہ کیلئے خوشخبری: پنجاب کے اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں 31 اگست تک بڑھنے کا امکان
وزیر تعلیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی غیر مستند ذرائع یا افواہوں پر اعتماد نہ کریں اور صرف محکمہ تعلیم کے سرکاری اور مستند ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات کو صحیح مانیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کی شفافیت اور معمولات کے تسلسل کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس اقدام سے والدین اور طلبہ میں پیدا ہونے والی تشویش ختم کرنے اور تعلیمی اداروں کی بروقت اور باقاعدہ بحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ تمام سکولز اور کالجز انتظامی اور تعلیمی سطح پر مکمل تیار ہیں اور کسی بھی قسم کے تعطیلی خدشات بے بنیاد ہیں۔
