نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یکم جنوری سے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت فی یونٹ بجلی کی قیمت ایک روپے 79 پیسے بڑھا دی گئی ہے۔ نیپرا نے یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے اور اس کا اطلاق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہوگا۔ موجودہ وقت میں ملک میں نافذالعمل فی یونٹ بجلی کا اوسط بنیادی نرخ 31 روپے 59 پیسے ہے۔
نیپرا نے اسی دوران فی یونٹ بجلی 93 پیسے سستی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جو نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت عمل میں آئے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس سستی کا فائدہ کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو جنوری کے بلوں میں ملے گا، تاہم لائف لائن صارفین اس کا حصہ نہیں ہوں گے۔
نیپرا کا بڑا فیصلہ: کے الیکٹرک کا ٹیرف 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کم
نیپرا کے مطابق یہ اقدام صارفین کو ماہانہ بلوں میں کچھ ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے جبکہ بجلی کی مہنگائی کے حوالے سے بھی موجودہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا توازن برقرار رکھا جائے گا۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بجلی کے استعمال میں محتاط رہیں تاکہ اضافی بوجھ سے بچا جا سکے۔
