بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی نئی فلم ’’بیٹل آف گلوان‘‘ ریلیز سے قبل ہی بین الاقوامی سطح پر تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ چین نے فلم پر الزام عائد کیا ہے کہ اس میں تاریخی واقعات کو درست تناظر میں پیش نہیں کیا گیا بلکہ حساس حقائق کو توڑ مروڑ کر دکھایا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کا ٹیزر 27 دسمبر کو سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا، جسے اداکار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا۔ ٹیزر سامنے آتے ہی نہ صرف بھارتی میڈیا بلکہ چینی ذرائع ابلاغ میں بھی اس پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔
چین کے سرکاری میڈیا ادارے گلوبل ٹائمز نے ٹیزر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم میں دکھائے گئے مناظر اصل واقعات کی درست عکاسی نہیں کرتے۔ گلوبل ٹائمز کے مطابق اگرچہ فلموں اور ڈراموں میں بعض اوقات کہانی کو ڈرامائی بنانے کے لیے مبالغہ آرائی کی جاتی ہے، تاہم کسی دوسرے ملک سے متعلق حساس سرحدی تنازع یا تاریخی واقعے کو غلط انداز میں پیش کرنا قابلِ قبول نہیں۔
چینی میڈیا کا مؤقف ہے کہ اس نوعیت کی فلمیں عوامی رائے پر اثر انداز ہو سکتی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید ہوا دے سکتی ہیں۔ اسی لیے چین نے فلم کے مواد پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے یکطرفہ بیانیہ قرار دیا ہے۔
سلمان خان 60 سال کے ہوگئے، خاندان اور مداحوں کے ساتھ منائی سالگرہ
واضح رہے کہ فلم ’’بیٹل آف گلوان‘‘ میں سلمان خان ایک بھارتی فوجی افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور فلم کی کہانی 2020 میں گلوان وادی میں بھارت اور چین کے درمیان ہونے والے فوجی تصادم کے گرد گھومتی ہے۔ اس واقعے کے بعد لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید تناؤ پیدا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں فوجی تعیناتی اور سرحدی نگرانی میں اضافہ کیا گیا۔
فلم کی متوقع ریلیز 17 اپریل 2026 بتائی جا رہی ہے، تاہم ریلیز سے کئی ماہ قبل ہی یہ فلم بھارت اور چین کے میڈیا حلقوں میں بحث کا موضوع بن چکی ہے۔ مبصرین کے مطابق آنے والے دنوں میں اس تنازع میں مزید شدت آ سکتی ہے، خاص طور پر جب فلم کی پروموشن کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
تاحال سلمان خان یا فلم کی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے چینی الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم فلمی حلقوں میں یہ معاملہ خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
