ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ اور درجنوں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق مجموعی طور پر 8 پروازیں منسوخ جبکہ 63 پروازوں کی آمد و روانگی میں گھنٹوں کی تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ایک بین الاقوامی پرواز کو متبادل ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔
لاہور ایئرپورٹ پر صورتحال سب سے زیادہ متاثر رہی، جہاں دھند کے باعث 2 پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ 32 ملکی و غیر ملکی پروازوں کو ایک گھنٹے سے لے کر 14 گھنٹے تک کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی سے لاہور جانے والی 5 پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جن میں مسافروں کو ایک سے 8 گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی دھند نے فضائی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا۔ وہاں 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ 15 پروازیں ایک سے 14 گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہیں۔ مسافروں کو طویل انتظار اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جس پر کئی مسافروں نے ایئرلائن انتظامیہ سے شکایات بھی کیں۔
شدید دھند کے باعث لاہور کا فضائی نظام مفلوج، متعدد پروازیں منسوخ اور موڑ دی گئیں
فلائٹ شیڈول کے مطابق جدہ سے سیالکوٹ آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز پی ایف 721 کو خراب موسمی حالات کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔ اسی طرح ملتان سے جدہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 839 تقریباً 10 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک موسم بہتر نہیں ہوتا، فلائٹ آپریشن میں مکمل بحالی ممکن نہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال متعلقہ ایئرلائن سے ضرور معلوم کریں۔ دھند کا یہ سلسلہ نہ صرف فضائی بلکہ زمینی ٹرانسپورٹ کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
