شدید دھند کے باعث لاہور کا فضائی نظام مفلوج، متعدد پروازیں منسوخ اور موڑ دی گئیں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن گزشتہ 8 گھنٹوں سے مکمل طور پر بند ہے، جس کے نتیجے میں اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیاروں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں پر منتقل کیا گیا۔

latest urdu news

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور آنے والی چار پروازوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا، کیونکہ دھند کے باعث لینڈنگ ممکن نہ ہو سکی۔ اس کے علاوہ لاہور سے دبئی، ابوظہبی، جدہ اور کراچی جانے والی کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے مسافروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دھند کے اثرات صرف فضائی سفر تک محدود نہیں رہے بلکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث گاڑیوں کی رفتار انتہائی سست ہو گئی ہے اور کئی مقامات پر ٹریفک جام کی صورتحال بھی دیکھی جا رہی ہے، جس سے شہریوں کو روزمرہ کے معمولات میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

پنجاب اور بالائی سندھ میں شدید دھند، موٹرویز بند

موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو بلکسر سے کوٹ مومن تک لاہور کی جانب بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹر وے ایم تھری فیض پور سے رجانہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک محتاط رہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں دھند کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث فضائی اور زمینی سفر متاثر رہ سکتا ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں اور سفر کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے تازہ معلومات حاصل کریں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter