7
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے حکم پر عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عارضی عدالتی تحویل میں لے لیا گیا۔
یہ کارروائی 26 نومبر کے احتجاج کے کیس میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت کے دوران عمل میں آئی۔
دوران سماعت علیمہ خان نے استدعا کی کہ ان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اور انہیں جانے کی اجازت دی جائے، تاہم پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ کرمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ علیمہ خان عدالتی احاطے سے باہر نہ جائیں۔ عدالت سے باہر آنے پر خواتین پولیس اہلکاروں نے انہیں تحویل میں لے کر دوبارہ عدالت کے اندر منتقل کیا۔ اس موقع پر علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ عدالت نے 26 نومبر کے مقدمے میں کئی بار علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور کیس کی سماعت جاری ہے۔
