لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قومی انتخابات کے شیڈول کے اعلان ہونے تک جماعت اسلامی کسی حلقے میں اپنا امیدوار نہیں اتارے گی۔
لاہور میں مینارِ پاکستان پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام "بدل دو نظام” کے اجتماع عام کے آخری دن خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں نظم و ضبط کا بحران ہے، لیکن ہماری جماعت میں سب کچھ نظام کے مطابق ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خوشنودی کے لیے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ غلط ہیں۔ امریکا کی غلامی اختیار کرنے سے پاکستان کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے حکمران فلسطین کی بھرپور حمایت کریں اور پوری قوم کو اس معاملے پر متحد رکھیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی قومی انتخابات کے شیڈول کے اعلان تک کسی امیدوار کو میدان میں نہیں اتارے گی اور ہماری جماعت قوم کو متحد رکھنے والی ہے، صوبوں کو آپس میں لڑانے والی نہیں۔
