وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کام محنت اور منصوبہ بندی سے ہوتا ہے، جادو ٹونے سے نہیں۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں پر اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ سیاست میں سالہا سال ضائع کرتے ہیں اور کام نہیں کرتے، ان کا نام سن کر بدتمیزی یاد آتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے آنے سے ملک میں ترقیاتی منصوبے شروع ہوتے ہیں اور مخالفین بھی ان کے کام کا اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرک بسیں چھوٹے شہروں سے شروع کی گئی ہیں اور پنجاب کے ہر شہری کے لیے مساوی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں ستھرا پنجاب کے ورکرز ہر علاقے کو صاف کر رہے ہیں اور ن لیگ کے دور میں موٹر ویز اور دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔ انہوں نے مری میں بھی ماضی کے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیا اور کہا کہ ن لیگ کے آنے سے ملک ترقی کی راہ پر آتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ الیکٹرک بسیں ماحول دوست ہیں، کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے اور خواتین و خصوصی افراد کے لیے سفر فری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھل ایکسپریس وے کی تعمیر بھی جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صحت اور بنیادی سہولتوں پر بھی بات کی، کہا کہ پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر اسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، کینسر، ہیپاٹائٹس اور شوگر کے مریضوں کو گھر پر دو ماہ کی دوا فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پورے صوبے میں صفائی، اور جرائم میں کمی کے اقدامات جاری ہیں، اور خواتین کی ہراسانی روکنے کے لیے نیا نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
