چیئرمین پاکستان تحریک انصاف، بیرسٹر گوہر نے جیونیوز کے سینئر اینکر پرسن اور صحافی شاہزیب خانزادہ کے ساتھ بدتمیزی اور انہیں ہراساں کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے جیونیوز سے گفتگو میں اسے نہایت افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ شاہزیب خانزادہ کو ہراساں کیا گیا، خاص طور پر جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیرونِ ملک موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ جو لوگ صحافیوں اور ان کے بچوں کے نام اور ایڈریس سوشل میڈیا پر شائع کر کے دھمکیاں دیتے ہیں، وہ انتہائی قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے گی اور ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ کے میزبان شاہزیب خانزادہ اور ان کی اہلیہ کو بیرونِ ملک کے ایک شاپنگ مال میں ہراساں کیا گیا تھا۔
شاہزیب خانزادہ اور ان کی اہلیہ نے اس شخص کے الزامات اور نامناسب رویے پر کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا اور انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
