اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں واقع ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹس میں سکیورٹی امور پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، اور ہائیکورٹ بار کے صدر واجد گیلانی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی آئی جی سکیورٹی اور اے آئی جی اسپیشل برانچ نے موجودہ سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

latest urdu news

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمپلیکس کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹس کے ساتھ جدید اسکینرز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ آنے والے افراد اور ان کے سامان کی مکمل سکیورٹی کلیئرنس یقینی بنائی جا سکے۔ اس کے علاوہ انٹری پوائنٹس پر "زگ زیگ گرلز” لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ گاڑیوں کی باقاعدہ چیکنگ ممکن ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق، سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کمپلیکس کی چھتوں پر اسنائپرز تعینات کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی ہے، جبکہ وکلا کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت اور فرضی مشقیں کروانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

اسلام آباد کچہری دھماکا: حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک لانے والے موٹرسائیکل رائیڈر گرفتار

سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے موبائل فون کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، تاکہ ان کی توجہ مکمل طور پر اپنے فرائض پر مرکوز رہے۔ مزید برآں، ایک ایمبولینس کو ہمہ وقت کمپلیکس کے باہر موجود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter