اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے تحقیقات کے دوران سراغ لگایا کہ خودکش حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک کون لے کر آیا، اور اس سلسلے میں موٹرسائیکل رائیڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر نے حملہ آور کو صرف 200 روپے میں کچہری تک پہنچایا۔
تحقیقات کے دوران پولیس سیف سٹی کیمروں کی مدد سے یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ حملہ آور گولڑہ سے جوڈیشل کمپلیکس تک کیسے پہنچا۔ اس سے قبل تحقیقاتی اداروں کی تیار کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حملہ آور جمعہ کے روز اسلام آباد پہنچا اور پیرودھائی سے موٹر سائیکل پر جی ایلیون کچہری آیا۔
اسلام آباد دھماکا: تمام جاں بحق افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل، میتیں ورثا کے حوالے
خیال رہے کہ گزشتہ روز جی ایلیون سیکٹر کی کچہری کے نزدیک خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ جیو نیوز کے مطابق دھماکا تقریباً ساڑھے بارہ بجے دوپہر ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور حملہ آور کے اعضا کچہری کے اندر جاگرے
