وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہماری ایسے عزت کرتے ہیں جیسے ماموں کا بیٹا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر ہو رہی ہے اور اب بیرونِ ممالک پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کھیلوں کے فروغ کے لیے واضح ترجیحات طے کر لی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں اپوزیشن کی حکومتوں کے دوران کئی منصوبے روک دیے گئے، مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کسی سے انتقام نہیں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لیاقت باغ اسپورٹس کمپلیکس منصوبہ 4 سال سے رکا ہوا تھا، جسے موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال میں مکمل کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں اب تک 98 سے زائد اسپورٹس کمپلیکسز مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب لاہور اور راولپنڈی کی گلیاں ٹورنٹو سے زیادہ محفوظ ہو گئی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے، اور عالمی برادری بھی ملک کے مثبت کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔
