میٹا کی جانب سے ایپل واچ کے لیے واٹس ایپ ایپلیکیشن متعارف کرا دی گئی ہے جس کے بعد صارفین اب براہِ راست اپنی گھڑی پر چیٹ، وائس میسجز اور کالز کے نوٹیفکیشنز استعمال کر سکیں گے۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ اپ ڈیٹ ایپل واچ صارفین کو واٹس ایپ استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرے گی اور انہیں پیغامات کے لیے آئی فون استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس سے پہلے ایپل واچ پر صرف واٹس ایپ نوٹیفکیشنز کا جواب دینا ممکن تھا لیکن اب صارفین اپنی چیٹ ہسٹری تک بھی رسائی حاصل کر سکیں گے۔
میٹا کے مطابق نئی واچ او ایس ایپ میں تصاویر، اسٹیکرز اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت بھی موجود ہوگی تاکہ صارفین کے پیغامات محفوظ رہیں۔
واٹس ایپ کا نیا ترجمہ فیچر: اب زبان کی رکاوٹ کوئی مسئلہ نہیں
یہ ایپ ایپل واچ سیریز 4 اور اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگی۔ تاہم کمپنی کے مطابق ایپ کے ابتدائی ورژن کو آئی فون سے منسلک کرنا ضروری ہوگا اور اگر آئی فون بند ہو تو واٹس ایپ واچ پر کام نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ اینڈرائیڈ اسمارٹ واچز کے لیے واٹس ایپ پہلے ہی 2023 میں دستیاب ہو چکی ہے جبکہ ایپل واچ صارفین اب پہلی بار اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
