اداکارہ صبا قمر نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے صحافی نعیم حنیف کے خلاف 10 کروڑ روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق، چند روز قبل صحافی نعیم حنیف نے آر این این ٹی وی کے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں الزام عائد کیا تھا کہ 2003 سے 2004 کے دوران صبا قمر ایک شخص کے ساتھ تعلقات میں تھیں اور لاہور کے والٹن روڈ پر اس شخص کے فراہم کردہ گھر میں مقیم تھیں۔ بعدازاں ان کے درمیان تعلقات خراب ہوئے اور صبا قمر نے مبینہ طور پر جنگ کے دفتر میں شکایت کی۔
الزامات کے بعد صبا قمر نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے نعیم حنیف کو 10 کروڑ روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر نوٹس کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ صحافی نے ان کے خلاف جھوٹے، من گھڑت اور توہین آمیز بیانات دیے اور ان کی ذاتی زندگی سے متعلق غیر مصدقہ دعوے کیے۔
نوٹس میں نعیم حنیف پر اداکارہ کے کردار پر سوال اٹھانے، عورت مخالف رویہ اپنانے اور ان کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو کم تر ظاہر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ذہنی صحت کے بارے میں بات کرنا کمزوری نہیں بلکہ مضبوطی کی علامت ہے: صبا قمر
صبا قمر نے مطالبہ کیا ہے کہ سات دن کے اندر عوامی معافی مانگی جائے، متنازع ویڈیو تمام پلیٹ فارمز سے ہٹائی جائے، اور مستقبل میں ان کی ذاتی زندگی سے متعلق کوئی تبصرہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ “میں نے ان جھوٹے الزامات کے خلاف قانونی راستہ اپنایا ہے۔ اگر کوئی آپ کی بے عزتی کرے تو خاموش نہ رہیں — سچ کے ساتھ کھڑے ہوں اور انصاف کا مطالبہ کریں۔”
