امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان کے دورے کے دوران کہا ہے کہ امریکا کے پاس دنیا کی طاقتور ایٹمی آبدوزیں موجود ہیں اور روس پر مزید پابندیاں لگانی ہیں یا نہیں، اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے جاپانی وزیراعظم سے ملاقات کے لیے دلچسپی ظاہر کی اور توقع ظاہر کی کہ چینی صدر سے بات چیت مثبت نوعیت کی ہوگی، جس میں ٹک ٹاک کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین کے تعلقات میں بہتری آئے گی اور روسی صدر پیوٹن کو یوکرین جنگ فوری طور پر ختم کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں انہوں نے آٹھ جنگیں روکی ہیں اور نویں کو روکنے کے لیے کام جاری ہے۔
ٹرمپ نے اپنی صحت کے حوالے سے کہا کہ میرا ایم آر آئی ٹیسٹ درست نکلا ہے اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ انہوں نے 2028 کے صدارتی انتخابات میں نائب صدر کے طور پر حصہ لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اگرچہ قانونی طور پر ممکن ہے، وہ ایسا نہیں کریں گے۔
پاکستان اور افغانستان کی جنگ ختم کرنا میرے لیے بہت آسان ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ جاپان کے بعد اپیک سمٹ میں شرکت کے لیے جنوبی کوریا جائیں گے، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات شیڈول ہے اور اس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی معاہدے کے امکانات بھی زیرِ غور ہیں۔
